Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر تحریک انقلاب صوبہ ہزارہ کے وفد کی آمد، مرکزی رہنما حیدر عباس رضوی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات

​ہزارہ اور مہاجر عوام کے درمیان محبت کا رشتہ بہت گہرا ہے، وفد کو روایتی ہزارہ ثقافتی ٹوپی اور اجرک پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حیدر عباس رضوی

0

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر تحریک انقلاب صوبہ ہزارہ کے مرکزی چیئرمین سید مصدق شاہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں حیدر عباس رضوی، اشرف علی، انچارج مرکزی سوشل میڈیا صبحین غوری اور مرکزی رکن متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی وسیم ترک سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وفد نے ایم کیو ایم کی قیادت کو ہزارہ کی بھرپور ثقافتی روایات اور اقدار سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں ہزارہ کلچر ڈے کی مناسبت سے خصوصی دعوت پیش کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کی تمام مظلوم قومیتوں کی آواز ہے اور ہم ہزارہ کے غیور عوام کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے وفد کی جانب سے محبت اور یگانگت کے اظہار کے طور پر ہزارہ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھائی چارے کی وہ مضبوط ڈور ہے جو ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔

انچارج مرکزی سوشل میڈیا و رکن قومی اسمبلی صبحین غوری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے دروازے ہر اس محب وطن کے لیے کھلے ہیں جو حق و انصاف کی بات کرتا ہے اور آج کی یہ ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب مل کر ہی اس ملک کے عوام کے حقوق کی جنگ جیت سکتے ہیں۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ہزارہ وفد کے ارکان نے ایم کیو ایم پاکستان کی مہمان نوازی اور ان کے موقف کی حمایت پر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

تحریک انقلاب صوبہ ہزارہ کے وفد میں مرکزی سینیئر وائس چیئرمین سید شبیر حسین شاہ، مرکزی نائب صدر عبدالبصیر قریشی، مرکزی نائب صدر مشتاق خان سواتی، مرکزی نائب صدر سید طاہر شاہ، ، مرکزی چیف آرگنائزر افتخار احمد سواتی، نائب صدر سندھ ملک نصیر راجپوت بھی موجود تھے۔

Comments
Loading...