Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

سندھی نوجوانوں کے وفد کی سید مصطفی کمال سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان

ایم کیو ایم ہی وہ سیاسی جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے،سید مصطفی کمال

0

سندھی نوجوانوں کے وفد کی سید مصطفی کمال سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال سے ڈسٹرکٹ کورنگی ضیا کالونی،ابڑو چوک،مہران ٹاؤن،چکرا گوڈ اور بلال کالونی سے تعلق رکھنے والے سندھی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سندھی نوجوانوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے نظریہ سے متاثر ہوکر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔سید مصطفی کمال نے سندھی نوجوانوں کی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے پر انہیں خوش آمدید کہا اور ایم کیو ایم کے فکر وفلسفہ سے ان کو آگہی دی۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب کا شمار ان لوگوں میں سے ہے جو دکھی انسانیت کا درد اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہوئے ان کی مدد کا عزم رکھتے ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان ہی وہ پلیٹ فارم ہے جو آپ کو آپ کے مثبت عزائم پورا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ تمام لوگ اپنی برادریوں اور قومیتوں کے دوسرے افراد تک ایم کیو ایم کا پیغام پہنچائیں اور ان سب کو بھی اس پرچم کے سائے تلے متحد کریں کیونکہ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ آنے والے عام انتخابات میں ایم کیو ایم نہ صرف کراچی سے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرے گی بلکہ سندھ کے عوام کو بھی پچھلے ستر سال سے مسلط جاگیردارانہ نظام سے نجات دلائے گی۔

اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

Comments
Loading...