Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

اندرونِ سندھ کے دیگرشہروں میں صفائی کے کام کے آغاز کے لئے جائزہ رپورٹ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

0

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیرصدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی دوسری صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ اور چیئرمین صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید غنی کی زیر صدارت صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کادوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران، مئیر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب، مئیر حیدرآباد کاشف علی شورو، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان شیخ، مئیر لاڑکانہ انور علی نواز،ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خالدحیدر شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس ڈبلیو ایم بی، امتیاز علی شاہ،ڈپٹی سیکریٹری فنانس، تبریز مری، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی سروش حشمت لودھی ودیگر موجود تھے۔

اجلاس کے آغاز پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں اجلاس میں اندرونِ سندھ کے دیگر شہروں لاڑکانہ ڈویژن،گڑھی خدا بخش، نوڈیرو، رتوڈیرو، بدھا، ڈوکری، بکرانی ٹاؤن، ٹنڈو جام، سہیون و دیگر شہروں میں کام کرنے کے لئے جائزہ رپورٹ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سکھر کی لینڈ فل سائیٹ کی دیکھ بھال کے لئے متعلقہ صفائی کرنے والی کمپنی کے کام کا دائرہ کار بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں جام چاکرو اور گوند پاس کراچی کے لئے بھی نئے ٹینڈر کرنے کی منظوری دی گئی، لونی کوٹ لینڈ فل سائٹ حیدرآباد کی دیکھ بھال کا کام وہاں کی متعلقہ صفائی کرنے والی نجی کمپنی کے کام میں شامل کرنے کے لئے جائزہ رپورٹ (آسسمنٹ)بنانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بجٹ 2023-2024 کی منظوری، ضلع ملیر، غربی اور کیماڑی میں کام میں مزید بہتری اور توسیع کے لئے معاہدے پر نظرثانی کرنے اور ادائیگی ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں کرنے کے لئے بات چیت کرنے کی منظوری دی گی۔

اس کے علاوہ ضلع شرقی میں نجی کمپنی کے کام کی معیاد مکمل ہونے پر کچھ مہینوں کے لئے کام میں توسیع اور کام میں مزید بہتری کے لئے بات چیت کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری اور پہلی اسٹیرنگ کمیٹی کے مینٹس آف میٹنگ کی منظوری بھی دی گئ۔

Comments
Loading...