عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ترقیاتی کام مکمل کیے جا رہے ہیں، ان منصوبوں کی حفاظت اور دیکھ بھال شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف
نارتھ کراچی یونین کونسل 13 میں باب الاسلام ماڈل محلے کی دو سڑکوں کا افتتاح، شاہراہ مرحوم کارکنان کے نام سے منسوب
محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن سیکٹر09، یو سی 13 میں باب الاسلام ماڈل محلے کی دو سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل ہونے کے بعد چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ان کا افتتاح کر دیا۔ دونوں سڑکوں کو جماعت اسلامی کے مرحوم کارکنان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جن میں ایوب خان نیازی مرحوم شاہراہ اور عبید ہاشمی مرحوم شاہراہ شامل ہیں۔اس موقع پر انکے ہمراہ یو سی 13 کے کونسلرز، ٹاون آفسر فیصل صغیر اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ علاقہ مکینوں کے دیرینہ مطالبے پر سڑکوں کی تعمیر و کارپیٹنگ کی گئی ہے، جس سے عوام کو آمدورفت میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے اور جماعت اسلامی عوامی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ترقیاتی کام مکمل کیے جا رہے ہیں، اب ان منصوبوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا مقصد نیو کراچی ٹاؤن کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی بہتری کے لیے مسلسل کام کرنا ہے۔