سندھ میں نوجوانوں کی ترقی اور روزگار کے فروغ کے لیے کاروباری شخصیات کے ساتھ اہم نشست
حکومت کا مقصد نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کریں بلکہ اپنے کاروبار شروع کرکے دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔منور علی مہیسر
حکومت کا مقصد نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کریں بلکہ اپنے کاروبار شروع کرکے دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ منور علی مہیسر
کراچی : محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومتِ سندھ اور نیشنل اسمبلی آف پاکستان فار یوتھ کے اشتراک سے کراچی میں ’’انٹرپرینیورشپ یوتھ کانفرنس اینڈ سمال بزنس نمائش‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔
کانفرنس میں سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اسد اسحاق، ڈائریکٹر یوتھ سید حبیب اللہ، معروف کاروباری شخصیات، طلبہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین بھی شریک ہوئے۔
نیشنل میوزیم آف پاکستان میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ حکومتِ سندھ نوجوانوں کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کے کاروباری خیالات کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کریں بلکہ اپنے کاروبار شروع کرکے دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
کانفرنس میں نوجوانوں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف کاروباری اداروں اور نوجوان کاروباری افراد کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے، جہاں مختلف مصنوعات، کاروباری منصوبوں اور تخلیقی آئیڈیاز پیش کیے گئے۔ شرکاء نے اسٹالز کا دورہ کیا اور نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور کاوشوں کو سراہا۔