Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

محرم الحرام میں منتخب نمائندوں اور ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے بھر پور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔چیئرمین محمد یوسف

منتخب نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔چیئرمین محمد یوسف

0

مساجد وامام بارگاہ منتظمین اور جلوس کمیٹی ممبران و انتظامیہ سے ملاقات۔

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں نارتھ کراچی سیکٹر 5سی مسجد و امام بارگاہ آلِ محمد اور امام بارگاہ کاروانِ حیدری سیکٹر الیون ڈی نیو کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ، بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ کے افسران فیصل صغیر اور ساجد صدیقی،صفدر حُسین، محکمہ ایم اینڈ ای کے افسر عرفان و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس کمیٹی ممبران اور انتظامیہ سے ملاقات کی اور بلدیاتی مسائل، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب اور دیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ منتخب نمائندوں اور ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو محرم الحرام کے ایام میں ہر ممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ منتخب نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ محرم الحرام احترام، اتحاد اور قربانی کا عظیم درس دیتا ہے۔

ان مقدس ایام میں عوامی سہولت اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو بر وقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور جلوسِ عزا کے پرامن انعقاد کے لیے روشنی، صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں صبر، بھائی چارے اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں، یہی شہدائے کربلا کی تعلیمات کا تقاضا ہے۔اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کی گزر گاہوں پر صفائی ستھرائی، روشنی اور نکاسی آب سمیت تمام بلدیاتی سہولیات فوری طور پر مکمل کی جائیں تاکہ عشرہ محرم میں عوام کو آسانی میسر آسکے۔ا س موقع پرامام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس انتظامیہ نے چیئرمین محمد یوسف اور اُن کی ٹیم کا بلدیاتی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

Comments
Loading...