طالبات کو ہراساں کرنے اور فیسوں میں 30 فیصد اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا
اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی نے جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر جسٹس(ر) حسن فیروز سے ملاقات
طالبات کو ہراساں کرنے اور فیسوں میں 30 فیصد اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا
کراچی : آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کمیٹی نے جامعہ کراچی سیکٹر اور شعبہ طالبات کے ہمراہ جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر جسٹس (ر) حسن فیروز سے ملاقات کی۔ملاقات میں جامعہ کراچی سلور جوبلی گیٹ کے باہر طالبات کو ہراساں کرنے اور مختلف قسم کے طالبات کے ساتھ پیش آنے والے حادثات میں اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی توجہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر جسٹس(ر) حسن فیروز کی جانب کروائی اور کہا کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے جامعہ کراچی کی انتظامیہ فوری ایکشن لیں اور طالبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
اے پی ایم ایس او کی کمیٹی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اچانک 30 فیصد طلبہ و طالبات کی فیسوں میں اضافہ ہو جانا بھی گہری تشویش کا باعث ہے،مہنگائی کے اس دور میں اچانک فیسوں میں 30 فیصد اضافہ ہونے سے طالب علموں میں مایوس بڑھ رہی ہے اگر اس فیصلہ کو واپس نہیں لیا گیا تو طالب علم گھر میں بیٹھ جائیں گے اور علم حاصل نہیں کر سکے۔اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی نے زور دیا کہ نئے تعلیمی سال کی تعلیمی حکمتِ عملی پر غور کریں اور طلباء و طالبات کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحفظ فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر جسٹس(ر) حسن فیروز نے اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے طالب علموں کو درپیش سنگین مسائل کو سننے کے بعد اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کو یقین دہانی کروائی کہ طالبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور فیسوں کے مسائل پر بھی توجہ دیں گے۔اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج شرجیل جعفری و اراکین مرکزی کمیٹی موجود تھی۔