وفاقی اردو یونیورسٹی کے مسائل کا حل ایم کیو ایم کی اولین ترجیح ہے۔ سید امین الحق
اساتذہ و ملازمین کا استحصال اور انتقامی کارروائیاں ناقابلِ برداشت ہیں۔ سید امین الحق
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفد نے یونیورسٹی کو درپیش سنگین انتظامی و مالی بحران سے آگاہ کرتے ہوئے تحریری طور پر نشاندہی کی کہ اساتذہ کو دو ماہ سے تنخواہیں اور ہاوس سیلنگ گزشتہ بیس ماہ سے نہیں ملی، وفد میں صدر سعدیہ خلیق ، افتخار طاہری جنرل سیکریٹری گلشن کیمپس، پروفیسر اقبال نقوی، روشن سومرو صدر عبد الحق کیمپس، جبکہ انکے ہمراہ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اختر بھی موجود تھے۔
وفد نے سید امین الحق کو بتایا کہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی، انتقامی کارروائیاں، اور رجسٹرار کی جانب سے مالی امور سمیت اہم معاملات پر من مانی کی جا رہی ہے جس کے باعث تعلیمی عمل شدید متاثر ہے۔
اس موقع پر جوائنٹ انچارج اے پی ایم ایس او کاظم حسین نے بھی اساتذہ کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کی اور اس عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملازمین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران سید امین الحق نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم پاکستان اساتذہ اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور وفاقی سطح پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے مالی مسائل کے فوری حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو تباہی سے بچانا اور اساتذہ کو درپیش انتقامی کارروائیوں کا خاتمہ ایم کیو ایم کا مشن ہے اور ہم اساتذہ کی تذلیل اور حقوق کی تلفی کو مزید برداشت نہیں کریں گے اور ان کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اس موقع پر اے پی ایم ایس او سیکٹر آرگنائزر عبد المقیت و اراکین کمیٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی یونٹ انچارج حماد کاظمی و یونٹ کمیٹی بھی موجود تھی۔