پہلے صرف ایک جہاز گرایا اب بھارتی فضائیہ کا پورا اسکواڈرن گرائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار
نئی دہلی میں مودی کو ڈرم بھر کر چائے بھجوائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار
پہلے صرف ایک جہاز گرایا اب بھارتی فضائیہ کا پورا اسکواڈرن گرائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی : پاکستان کسی بھی شکل میں اِنسانیت کے قتل اور اُس میں سہولت کاری کی واضح مذمت کرتا ہے پہلگام واقعہ مودی سرکار کے سیکیورٹی انٹیلیجنس کی ناکامی کا شاخسانہ ہے، اِن خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر مرکزی رہنماء و رُکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے ایوانِ زیریں میں کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ بنا کسی ثبوت اور ٹھوس شواہد کے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کا بھارتی بیانیہ زمیں بوس ہوگیا ہے پاکستان فوبیا بھارتی سرکار کے اعصاب پر سوار ہے مودی سرکار کا جنگی جُنون ناصرف خطے کہ بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے پوری دُنیا بھارتی بیانیے کو ایک ایک کرکے مسترد کرتی جارہی ہے بھارتی جارحانہ عزائم نے نام نہاد سیکیولر ازم کا پردہ چاک کرکے اُس کے جنونی فاشسٹ چہرے کو بےنقاب کردیا ہے بھارتی خارجہ و دفاعی پالیسیاں بھی تمام میدانوں میں شکست سے دوچار نظر آتی ہے، بنگلہ دیشی عوام نے حسینہ واجد رجیم کو ناکامی کا مزہ چکھا کے پانچ دہائیوں سے جاری بھارتی پراکسی وار کو نیست و نابود کرکے دو قومی نظریے کی جدگانہ حیثیت مہر ثبت کردی اور تمہاری آلہءکار کو ملک بدر کرکے ار ایس ایس سوچ کو سمندر برد کردیا۔
کینیڈا میں سکھ رہنماء کا سفاکانہ قتل بھارتی خارجہ پالیسی کے منہ پر طمانچہ ہے دنیا بھر سے پسپائی سمیٹنے کے بعد کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کو بنیاد بناکر جو بالاکوٹ میں در اندازی کی گئی اس میں بھی پاکستان کے جانباز بیٹے کے ہاتھوں انڈیا کو ہزیمت اٹھانی پڑی، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جنگ پاکستان کی خواہش نہیں مگر پہل کرنے والے کو منہ توڑ جواب دینے کا حق اور حوصلہ عوام اور افواج پاکستان رکھتی ہے پہلے صرف ایک جہاز گرایا تھا اب پوری انڈین ائیر فورس کا اسکواڈرن گرائیں گے اور دہلی میں بیٹھے مودی کو ڈرم بھر کر چائے بھجوائیں گے، 1947ء سے 1965ء اور آج تک دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے لئے پوری قوم متحد منظم اور متحرک ہے پوری قوم غیر مشروط طور پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن کا اعتراف کرے بھارت ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ بین الاقوامی کمیشنز اور فرموں میں معاملہ لے کر جائے اور تمام لگائے گئے الزامات کو ثابت کرے، بھارت اپنے نام نہاد سیکولر ازم کے تابوت میں آخری کیل اپنے ہاتھوں ہی ٹھونک چکا، پوری دنیا کو جب اپنے جھوٹے بیانیے سے متاثر نہ کیا جاسکا تو پاکستان پر آبی جارحیت کا سہارا لیکر آبی دہشت گردی شروع کردی انسانی بنیادی ضرورت پر روک لگانے کی مذموم سازش کو سر انجام دینا شروع کردیا گیا۔
سندھ طاس ایک عالمی معاہدہ ہے اس کی تنسیخ یک طرفہ طور پر کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی باقاعدہ اعلان جنگ ہے کشمیر کو حق خود ارادیت دینے جیسے عالمی معاہدوں کی دھجیاں بھارت پہلے ہی اڑا رہا ہے بھارت کی نام نہاد معاشی ترقی کا نشہ بدترین پسپائی میں بدل چکا ہے بھارت کے سٹیزن شپ ایکٹ کو وہاں بسنے والی تمام چھوٹی بڑی قوموں نے مسترد کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے تحریک انصاف کے اراکینِ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قیادت کی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹنے کا نہیں بلکہ اکثریت کے دعوؤں کو مملکت پر قربان کرنے کا ہے۔