حکمت اللہ محسود کی بازیابی کیلئے تمام ذرائع استعمال کریں گے. سید مصطفیٰ کمال
وزیراعلیٰ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حکمت اللہ محسود کی باحفاظت بازیابی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،سید مصطفیٰ کمال کا مطالبہ
حکمت اللہ محسود کی بازیابی کیلئے تمام ذرائع استعمال کریں گے. سید مصطفیٰ کمال
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال سے محسود قبائل کے عمائدین کی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں ملاقات۔
محسود قبائل کے عمائدین نے اپنے مغوی ایڈوکیٹ حکمت اللہ محسود کی باحفاظت بازیابی کیلئے کوشش کرنے کی استدعا کی۔ عمائدین کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے جرگہ میں شرکت کیلئے کراچی آنے والے محسود قبیلہ سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ حکمت اللہ محسود کو سندھ کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا ہے اور مغوی کی رہائی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے ملاقات کیلئے آئے ہوئے محسود عمائدین سے مغوی کی بازیابی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے پورا سندھ کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہے اور ڈاکوؤں کے خلاف صرف دکھاوے کا آپریشن کردیا جاتا ہے جس کا کوئی حاصل حصول نہیں ہوتا۔
سوشل میڈیا پر روزانہ سندھ کے اسلحہ بردار ڈاکوؤں کی ویڈیوز گردش کر رہی ہوتی ہیں جو دیہی سندھ سے اب سندھ کے شہروں تک آچُکے ہیں، ان ڈاکوؤں نے اندرون سندھ تاجروں، کاروبار طبقے کا جینا حرام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ محسود کی بازیابی کیلئے تمام ذرائع استعمال کریں گے۔
سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعلیٰ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حکمت اللہ محسود کی باحفاظت بازیابی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔