Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

غریبوں کا گلہ گھوٹنے کے بجائے امیروں کے چونچلے بند کئے جائیں۔ آفاق احمد

تین ارب ڈالر پر بھنگڑا،23 ارب ڈالر دینے کی فکر نہیں، آفاق احمد

0

غریبوں کا گلہ گھوٹنے کے بجائے امیروں کے چونچلے بند کئے جائیں۔ آفاق احمد

کراچی : چیئرمین آفاق احمد مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ تین ارب ڈالر ملنے کی اطلاع پر بھنگڑے ڈالے جارہے ہیں ایک دوسرے کو مبارکباد دی جارہی ہیں لیکن آئندہ برس 23 ارب ڈالر قرض اور اسکے سود کی مد میں واپس کرنے ہیں،اسکی کوئی فکر کوئی تیاری نہیں ہے۔

یہ بات چیئرمین آفاق احمد نے پارٹی کے مرکزی قائدین کے اجلاس میں کہی،اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو اور آئندہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے،اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور ایک مخصوص جماعت کی طرف سے مخالفین کی فہرستیں بناکر گرفتاری کے لئے حساس اداروں کو فراہم کرنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ جس ملک میں وزیر خزانہ کی نامزدگی کے وقت اسکے اچھے معیشت دان ہونے کے بجائے اسکے اچھے بھکاری ہونے کو اس کی قابلیت بنادیا جائے تو اس ملک کی ترقی اور استحکام ممکن نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا سے بھیک کی ضرورت ٹیکس نہ دینے والے حکمرانوں اور اشرافیہ کو تو ہوسکتی ہے،ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکس دینے والے 22 کروڑ غیرت مند غریب عوام کو نہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ سادگی کا درس دینے والے حکمرانوں کو پڑوسی اسلامی ملک سے سیکھنے کی ضرورت ہے،جسکی کرنسی فٹ پاتھ پر رکھ کر ترازو میں تول کربکتی تھی،آج انکی سادگی اور ایمانداری کی وجہ سے انکی وہی کرنسی ہماری کرنسی سے تین گناہ سے زیادہ طاقتور ہے۔ انہیں دفتری کاموں کیلئے کروڑوں کے فرنیچر اور لاکھوں کے کھانوں کی ضرورت نہیں پڑتی وہ بڑے بڑے غیر ملکی معاہدے بھی پلاسٹک کی معمولی سے کرسی میز پر قہوے کی تواضع کے ساتھ فخریہ کرلیتے ہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے اپنوں اور غیروں کے سامنے اسے عزت کا مقام دلانے کیلئے ضروری ہے کہ اس ملک کے غریب عوام کا گلا گھوٹنے کے بجائے امیروں اور اشرافیہ کے چونچلے بند کئے جائیں،لاکھوں روپے تنخواہ لینے والوں کی فری بجلی،پیٹرول، سرکاری گاڑیاں اورانکے زاتی ملازمین کی تنخواہیں فوری بند کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی ناراضگی کی پرواہ کئے بغیر ملک کے عظیم تر مفاد میں بے لگام دارآمدات کنٹرول کی جائیں اور برآمدات سے جڑی صنعتوں کو غیر معمولی مراعات دی جائیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ حکومت غیر ترقیاتی اور غیر دفاعی اخراجات میں عوام کو نظر آنے والی کٹوتی کرکے اس رقم کو تعلیم پر خرچ کرے۔

Comments
Loading...