عزاداران حسین کو ہرممکنہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔ شمعونہ صدف
بلدیہ وسطی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا حتمی جائزہ۔
عزاداران حسین کو ہرممکنہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔ شمعونہ صدف
کراچی: کو ٹرانزیشن آفیسربلدیہ وسطی شمعونہ صدف کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 1 سینٹرل ارسلان سلیم کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف مساجد و امام بارگاہوں کادورہ۔ عاشورہء محرم کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کاحتمی جائزہ۔
عزاداران حسین کو ہرممکنہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات۔تفصیلات کے مطابق کو ٹرانزیشن آفیسر نے نیو کراچی ٹاؤن میں قائم مختلف مساجد و امام بارگاہوں کا دورہ کیا جن میں مسجد وامام بارگاہ جعفریہ،عزا خانہ زہرہ سیکٹر فائیو ڈی، مسجد و امام بارگاہ ولی عصر سیکٹر فائیو ایم، مسجد پنجتنی و امام بارگاہ حسینی سیکٹر فائیو ایف،مسجد و امام بارگاہ آل محمد سیکٹر فائیو سی شامل ہیں۔مسجد و امام بارگاہوں کے دورے کے موقع پرامام بارگاہوں کی انتظامیہ اور مجالس و جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی۔
اس موقع پرمرکزی تنظیم عزاداری کے عہدیداران اور بلدیہ وسطی کے افسران بھی موجود تھے۔ کو ٹرانزیشن آفیسر شمعونہ صدف نے کہا کہ ضلع وسطی میں عوامی خدمت فراہم کرنے والے تمام ادارے جن میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بور ڈ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،بلدیہ وسطی کی انتظامیہ،ٹاؤن انتظامیہ،یونین کمیٹی کے چیئرمینز باہمی اشتراک سے عزاداران حسین کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کررہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا صبر اور استقامت کا نام ہے حضرت امام حُسین اور شہدائے کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کی بقا اور دین کی سر بلندی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا بے مثال درس دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امام عالی مقام سے عقیدت رکھتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ عزاداران حسین کومحرم الحرام کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔
اس موقع پر کو ٹرانزیشن آفیسرنے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مساجدو امام بارگاہوں،مجالس اور جلوس منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ ضرورت کے تحت فوری طور پر اقدامات کئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ تمام عالمِ اسلام کی طرح پاکستان میں بھی عاشورہء محرم روائتی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتاہے۔
نیو کراچی میں بھی شہادتِ امام حسین کے سلسلے میں لاتعداد مجالس اور محافلِ ذکرِشہادتِ امام حسین ؑ منعقد کی جاتی ہیں۔جبکہ دن کے علاوہ رات کے وقت بھی جلوس نکالے جاتے ہیں۔بلدیہ وسطی کا عملہ عشرہء محرم الحرام کے دوران دینی جذبہ کے ساتھ عزادارانِ امام حسین کی خدمت اور سہولت کی خاطر اپنی خدمات مہیا کرتا ہے۔