Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

قسطوں میں انصاف مل رہا ہے اور انشاءاللہ! ہم قسطوں پر کراچی بھی واپس لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

​تاریخ ساز ایگریمنٹ پر مزدوروں و انتظامیہ کو مبارکباد۔آج بھی مسائل کا حل صرف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پاس ہے۔ مرکزی رہنماعبدالحسیب

0

ایم کیو ایم پاکستان نے عدالتی جدوجہد کے ذریعے ٹاؤنز ملازمین کی 2 سال سے رکی ہوئی پینشن اور کے پی ٹی کی تاریخ کا بہترین چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کروایا ہے۔ انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری

کراچی : ​متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکز بہادرآباد پر کے پی ٹی کے تاریخی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری اور ٹاؤنز کے دو ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کی دو سال سے رکی ہوئی پینشن کی بحالی کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ قسطوں میں صحیح انصاف بھی مل رہا ہے اور انشاءاللہ! ہم قسطوں پر کراچی بھی واپس لے رہے ہیں۔

انہوں نے دو سال تک پینشن کو روکنے کے عمل کو قانون اور آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کریں گے جنہوں نے دو سال کے بعد پینشن جاری کی بلکہ ہم ان سے حساب لیں گے اور یہ دو سال سود سمیت واپس کرنا پڑیں گے، چیئرمین ایم کیو ایم نے لیگل ایڈ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا کہ اس نے ہر مشکل، کڑے اور نازک موڑ پر عدالتوں سے انصاف لے کر دلایا ہے اور آج بھی اگر اس قوم اور اس شہر کے مسائل کا حل کسی کے پاس ہے تو وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے۔ جس کی قیادت میں انشاءاللہ مزید کامیابیاں اور کامرانیاں نصیب ہوں گی۔

اس موقع پر مرکزی رہنما عبدالحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم کی لیگل ایڈ کمیٹی نے ٹاؤنز کے ڈھائی ہزار ملازمین کی پینشن کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے جو 2023ء سے اپنی جدوجہد میں تھے، جبکہ کے پی ٹی کے تمام مزدوروں اور انتظامیہ کو تاریخ ساز ایگریمنٹ کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے عدالتی جدوجہد کے ذریعے دو سال سے پینشن سے محروم ٹاؤنز کے ملازمین کا فیصلہ کروایا اور اس مہینے ان کی ماہانہ پینشن ملنا شروع ہوئی، جبکہ کے پی ٹی میں بھی ایم کیو ایم پاکستان کی اپنی منتخب کردہ سی بی اے یونین نے اپنی تاریخ کا بہترین چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کروایا ہے جو ایم کیو ایم پر مزدوروں کے واضح اعتماد کی دلیل ہے۔

Comments
Loading...