Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

پاک بحریہ کے جہازوں کا خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران کویت اور عراق کا دورہ

0

پاک بحریہ کے جہازوں کا خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران کویت اور عراق کا دورہ

راولپنڈی، 22 دسمبر 2024 : پاک بحریہ کے جہازوں کا خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران کویت اور عراق کا دورہ۔ پی این ایس رسدگار اور پی این ایس عظمت کا کویت کی بندرگاہ الشویخ کا دورہ۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز “دشت” نے عراق کی بندرگاہ ام قصر کا دورہ کیا۔ دونوں بندرگاہوں پر آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتی اور میزبان بحریہ کے اعلی حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ دونوں ممالک کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، بحری افواج کے مابین رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں؛ کویتی اور عراقی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ بحری مشقیں بھی کی گئیں۔ مشقوں کا مقصد بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔

پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا کویت اور عراق کا دورہ دوست ممالک کے ساتھ موجودہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

Comments
Loading...