ناکارہ پانی لائن کو تبدیل کرکے نئی لائن کی تنصیب۔ نئی لائن کی تنصیب سے پانی کی فراہمی کا سلسلہ شروع۔
نیو کراچی ٹاؤن سیکٹر 11-ڈی میں سالوں بعد پانی کا مسئلہ حل۔
درینہ مسئلے کو حل کرنے پرعوام کا ممبر صوبائی اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان سید باسط علی سے اظہار تشکر۔
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز، بالخصوص یونین کونسل 9 سیکٹر 11-ڈی میں طویل عرصے سے پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی سید باسط علی نے عملی اقدامات کررہے ہیں۔ عوامی مسائل کو حل کرنے کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔ عوام کی دہائیوں پر محیط محرومیوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم پی اے سید باسط علی نے اپنے خصوصی فنڈ سے پینے کے پانی اور سیوریج کی نئی لائنوں کی تنصیب کا منصوبہ شروع کروایا ہے۔
عوامی مسائل کو حل کرنے پر علاقہ مکینوں نے دل کھول کر اُن کی کاوشوں کو سراہا۔اس سلسلے میں یونین کونسل 9 کے علاقے سیکٹر 11 – ڈی بلاک 96 اور 97 کے رہائشیوں کوکئی سالوں کے طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ مذکورہ علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ برسوں سے وہ اس بنیادی سہولت سے محروم تھے، اور بارہا سابقہ ادوار میں منتخب نمائندوں سے مطالبہ کرنے کے باوجود کبھی کوئی عملی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے ممبر صوبائی اسمبلی سید باسط علی نے عوامی خدمت کی حقیقی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی ذاتی دلچسپی اور حکومتی وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکالا۔
علاقہ مکینوں نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سید باسط علی کی کوششوں کے نتیجے میں سیکٹر الیون ڈی کی مختلف گلیوں میں نئی پانی کی لائنیں بچھائی جا چکی ہیں، اور سیوریج کے نظام کی بہتری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم پی اے باسط علی نے صرف اعلانات تک بات محدود نہیں رکھی بلکہ موقع پر پہنچ کر از خود مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں سے رابطے کر کے فوری کام کا آغاز کروایا۔مقامی رہائشی نوجوان سماجی کارکن ارشد علی عباسی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے سید باسط علی نے عوام کی محرومیوں کا مداوا کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی عوامی نمائندے ہیں۔
انہوں نے ایم پی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دیگر رہائشی علاقوں میں بھی اسی طرز پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔یاد رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کے اکثر علاقوں میں پانی اور سیوریج کا نظام گذشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی خستہ حالی کا شکاررہاہے، جس کے باعث عوام کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایم پی اے باسط علی کی جانب سے جاری اس ترقیاتی عمل کو علاقے کے عوامی حلقوں میں زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور لوگ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی اسی جذبے کے تحت کام جاری رہے گا۔عوامی سطح پر پائے جانے والے اس مثبت تاثر کے باعث سیاسی تجزیہ کار بھی اسے ایم کیو ایم پاکستان کے لیے ایک مضبوط عوامی حمایت قرار دے رہے ہیں جو مستقبل کی بلدیاتی سیاست میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔