Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

گزشتہ 2 ہفتوں سے اہلیان کراچی پانی کے سنگین مسئلے سے پریشان ہیں۔ منعم ظفر خان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا نیپا ہائیڈریٹ پر واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی و نا اہلی اور شہر میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب

0

گزشتہ 2 ہفتوں سے اہلیان کراچی پانی کے سنگین مسئلے سے پریشان ہیں۔ منعم ظفر خان

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا نیپا ہائیڈریٹ پر واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی و نا اہلی اور شہر میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔ انہوں نے کہا کہ آج نیپا چورنگی میں جماعت اسلامی و اہل محلہ بڑی تعداد میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ گزشتہ 2 ہفتوں سے اہلیان کراچی پانی کے سنگین مسئلے سے پریشان ہیں۔ واٹر اینڈ کارپوریشن کے ایم ڈی ٹی وی شو کہہ رہے تھے کہ آج رات سے پانی کی سپلائی ہوسکے گی۔ واٹر اینڈ کارپوریشن کے ایم ڈی نے دو دن پہلے بھی کہا تھا کہ جمعرات تک پانی پہنچ جائے گا۔ گزشتہ اعلان کےمطابق آج تک شہریوں کو نلکوں میں پانی نہیں مل سکا۔ قابض مئیر کی نااہلی ہے کہ 15 دن قبل پانی کی لائن ٹوٹنے کے باعث شہری پانی کی عدم فراہمی سے پریشان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب پانی کی لائن درست کی گئی اور پانی کھولا گیا تو پھر سے پانی کی لائن میں مسئلہ آگیا۔ پھر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں مینٹیننس کے نام پر پانی کی لائن بند کردی گئی۔ شہر کراچی میں ہائیڈریٹ مافیا اور ٹینکر مافیا کا راج ہے۔ جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ لڑررہی ہے۔ وفاق میں شامل ہر اس پارٹی کی نااہلی ہے جنہوں نے کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ گزشتہ 19 برس میں شہر کو پانی دینے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کو کراچی سے کوئی غرض نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم آپس میں نورا کشتی کرتے ہیں اور شہریوں کو بجلی و پانی سے محروم رکھتے ہیں۔ ملیر کینٹ سے جیل چورنگی تک ریڈ لائن نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے۔ پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے اندرون سندھ سمیت کراچی کے عوام کے ساتھ استحصال کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے تھری منصوبہ مکمل کیا۔ کے تھری منصوبہ مکمل کرنے کے بعد کے فور منصوبہ پیش کیا اور اس کے لیے بجٹ بھی منظور کروالیا۔ نعمت اللہ خان کے بعد ایم کیو ایم کے بعد مصطفی کمال آئے اور اپنے کمالات دکھا کر شہر سے اربوں روپے لوٹ کر چکے گئے لیکن کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ سب سے زیادہ ریونیوکراچی دیتا ہے اور ایکسپورٹ شہر کراچی کرتا ہے۔ ایک طرف شہریوں کو پانی سے محروم کیا ہوا ہے اور دوسری جانب ٹینکرز میں ہزاروں روپے کا پانی فروخت کیا جارہا ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کہتے ہیں کہ گزشتہ سال ٹینکروں کے ذریعے 1 ارب 62 کروڑ منافع کمایا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے لیے شرم کا مقام ہے کہ شہریوں کو نلکوں میں پانی دینے کے بجائے ٹینکروں کے ذریعے مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 16 سال سے برسر اقتدار ہے لیکن کراچی کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ کراچی کے عوام مسائل کے حل کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں۔ فارم 47 کی پیداوار ذاتی مفادات کے لیے اکٹھا ہوچکے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ حکومت کی زمہ داری ہے کہ فوری طور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے۔ کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچر کو بحال کیا جائے۔ کے فور منصوبہ اور انفرااسٹرکچر کی بحالی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

Comments
Loading...