پیپلز پارٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کی انقلابی جدوجہد کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔ سعید غنی
پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی صدارت میں پہلی سہ فریقی مزدور کانفرنس منعقد کی
پیپلز پارٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کی انقلابی جدوجہد کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔ سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کے نام اپنے ایک پیغام اور بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کی انقلابی جدوجہد کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے ادوار حکومت میں مزدور طبقہ کے لئے جو کارنامہ اور خدمات انجام دئیے وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مراعات فراہم کرنے کی پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں جو جو ادارے قائم کئے گئے ان میں سے 90 فیصد ادارے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صاحبزادی محترمہ بینظیر بھٹو نے قائم کئے۔
سعید غنی نے کہا کہ محنت کشوں کو صنعتوں میں حصہ دار بنانے کا جو انقلابی اقدام اٹھایا گیا اس کا سہرا سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو جاتا ہے کہ ان کے دور حکومت میں مزدوروں کو ان کے اداروں کے شئیرز میں 12 فیصد کا حصہ دار بنا کر درحقیقت انہیں انتظامی اور پالیسی امور میں شامل کیا گیا، جو کہ دنیا کہ بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود نہیں۔ اپنے پیغام میں صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ ہم نے آئین میں 18 ویں ترمیم کے بعد مزدور قوانین میں بہت بڑے پیمانے پر مثبت اصلاحات کی ہیں۔ متعدد نئے قوانین صوبہ سندھ میں نافذ کئے گئے ہیں، جن میں ہوم بیسڈ وومن ورکرز کا قانون اور اووکیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ (او ایس ایچ) کا قانون بنایا گیا ہے، جس کے تحت لاکھوں خواتین، محنت کش اور کام کے دوران خطرات سے نمٹنے کے لئے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا گیا ہے اور ان دونوں قوانین کی سائوتھ ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔
سعید غنی نے کہا کہ ہم نے قوانین میں ترامیم کرکے حکومت کے ویلفیئر اداروں کی گورننگ باڈیز میں حکومت کی نمائندگی کا 20 فیصد حصہ کم کرکے اسے مزدوروں کے لئے مختص کردیا اور اس طرح ان اداروں میں مزدوروں کی نمائندگی حکومتی نمائندگی سے زیادہ ہوگئی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ یہ کارنامہ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نے انجام دیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ زرعی مزدوروں کو بھی ٹریڈ یونین سازی کا حق فراہم کیا گیا ہے اور ٹھیک اسی طرح ہم نے ٹریڈ یونین ایکٹ میں خواتین مزدور رہنماؤں کی نمائندگی کا تناسب مقرر کردیا ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت یونیورسلائزیشن آف سوشل سیکورٹی پر تیزی سے کام کررہی ہے اور ساتھ ہی سندھ سوشل سیکورٹی کے تحت بینظیر مزدور کارڈز کا اجراء بھی شروع کردیا گیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی صدارت میں پہلی سہ فریقی مزدور کانفرنس منعقد کی اور یہ سہرا بھی پارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سر جاتا ہے کہ ان کی قیادت میں صوبہ سندھ میں پہلی صوبائی سہ فریقی مزدور کانفرنس منعقد کی گئی۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے لئے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقدامات اٹھاتے رہیں گے اور پارٹی کے اس بنیادی نعرے کو عملی جامہ پہنائیں گے کہ ” طاقت کا سرچشمہ عوام ہے”۔