وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد
مسلم اُمہ بالخصوص پاکستان اور سندھ کے لوگوں کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ سید مراد علی شاہ
کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسلم اُمہ بالخصوص پاکستان اور سندھ کے لوگوں کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ مسلمانوں کے لیے عید الفطر رمضان المبارک کے اختتام کی خوشی کا دن ہے۔ روزہ رکھنے والے اس دن اپنی روحانی صفائی اور اللہ کی قربت کا جشن مناتے ہیں۔ قرآن پاک میں رمضان کو رحمت اور ہدایت کا مہینہ کہا گیا ہے اور عید اس کی تکمیل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کا دن خاندانی اور سماجی تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ ہماری روایات رواداری، سماجی فلاح اور بھائی چارے پر قائم ہیں۔ سندھی سماج ہمیشہ انسان دوستی، اخلاص اور اتحاد کا علمبردار رہا ہے۔ ضرورتمندوں کی مدد کرنا اور سب کے ساتھ خوشیاں بانٹنا عید الفطر کا اصل پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی عبادات قبول فرمائے۔ رب کائنات سندھ، پاکستان اور تمام مسلم ممالک میں امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔