Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم کے دورِ نظامت میں مکمل ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے ہی آج تک یہ شہر مستفید ہو رہا ہے۔ سیّد مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم کراچی کے عوام کی خدمت کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کررہی ہے۔حفیظ الدین ایڈوکیٹ

0

ہمیں سیمنٹ اور ریت کے جنگل کو ہرے بھرے باغات میں تبدیل کرنا ہے۔علی خورشیدی

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے بسلسلہ قومی شجر کاری مہم قصبہ علی گڑھ ٹاؤن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے شرکاء سے سینئر رہنماء و رُکن قومی اسمبلی سیّد مصطفیٰ کمال، قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی رُکن قومی اسمبلی حفیظ الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیّد مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے مُلکی سطح پر شروع کیا جانے والا قومی شجر کاری مہم کا نا رکنے والا سلسلہ آج قصبہ علی گڑھ بھی پہنچ چکا ہے انسان کو اپنی زندگی میں اپنی زمہ داری سمجھ کر کم از کم آٹھ درخت ضرور لگانے چاہیئں یہ صدقہء جاریہ بھی ہے، درجہ حرارت بڑھنے کے سبب اپنی گلیوں کو ہرا بھرا اور سرسبز و شاداب کرنے کی ضرورت ہے۔

سیّد مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں ترقی کی بُنیاد رکھنے کا سہرا ایم کیو ایم کے سر جاتا ہے ایم کیو ایم کے دورِ نظامت میں مکمل ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے ہی آج تک یہ شہر مستفید ہو رہا ہے، ایم کیو ایم کے پاس مقامی صوبائی اور نہ ہی مرکزی حکومت ہے اُس کے باوجود حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں میں حسبِ استطاعت ترقیاتی کام کروا کر اپنوں کے کام آرہے ہیں، بلاشبہ مُلکی معیشت کو سب سے زیادہ محصول دینے والے شہر کراچی کے بچے گٹر میں گر کر مررہے ہیں ہم کسی پر تنقید نہیں کررہے مگر کراچی کی جانب اہل اقتدار کی توجہ دلانا چاہتے ہیں،

اُنہوں نے مزید کہا کہ شہری سندھ کے نوجوانوں کو کوٹے میں اُن کا جائز حق نہیں دیا جارہا ہے، بدترین طرز حُکمرانی کے باعث کمپنیوں کے کراچی سے کاروبار منتقل ہونے کے سبب بچوں کو نجی سیکٹر میں بھی نوکری نہیں مل پارہی، کراچی پورے پاکستان کو ناصرف معاشی قرضوں سے آزاد کروا سکتا ہے بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کر سکتا ہے صرف لالو کھیت مارکیٹ سے جمع ٹیکس کی رقم پُورے لاہور شہر کے دئیے ٹیکس سے زیادہ ہے صوبائی حکومت تعصب اور اقرباء پروری کو ختم کرکے ہمارا حق دے تو ہم کیوں دوسروں کے پاس جاکر اُن سے اپنا حق مانگیں صوبائی حکومت اگر اچھے کام کرے گی تو اُس کی بھی تعریف کرینگے۔

سیّد مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کی موجودہ قیادت نے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہا تمام تر شکایتوں اور نا انصافیوں کے باوجود ہم اس پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں ایم کیو ایم پاکستان کے آگے جب بھی دیوار کھڑی کی گئی وہ پہلے سے زیادہُ مضبوطی کے ساتھ اُبھر کر سامنے آئی ایم کیو ایم پاکستان کی حکومت سے التجاء ہے کہ کراچی کے لاپتہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کرائیں مزید یہ کہ ارباب اختیار کراچی کے نوجوانوں کو ان کا جائز حق دیں یہ پاکستان کو مزید ترقی کی جانب لے جائیں گے۔

قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے شجر کاری مہم کی اہم ترین ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لی ہے جس کا مقصد سیمنٹ اور ریت کے جنگل کو ہرے بھرے باغات میں تبدیل کرنا ہے، حق پرست عوام کراچی کو ہرا بھرا بنانے کیلئے شجر کاری مہم میں ایم کیو ایم کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے عوام کی خدمت کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کررہی ہے، وہ ادارے جو سندھ حکومت کے زیر اثر ہیں وہ فی الفور کراچی کے مسائل کو حل کریں اورنگی سمیت پورے کراچی میں پانی و سیوریج کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

اس موقع پر اراکینِ مرکزی کمیٹی، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ٹاؤن و یو سیز کے زمہ داران کارکنان اور حق پرست عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Comments
Loading...