ایلڈرونگ کے ساتھیوں کو اپنے تجربے اور ہمت کے ساتھ تنظیم کے پیغام کو عوام میں لے جانا ہے۔ ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی
سندھ حکومت کی غلطیوں اور ناکامیوں کے خلاف شہری سندھ کے عوام کو متحد ہونا ہوگا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر شعبہ ایلڈر ونگ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم کیو ایم کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ اجلاس میں نگران مرکزی کمیٹی کے اراکین مسعود محمود، اشرف علی اور ایلڈر ونگ کے دیگر سینئر و ذمہ دار اراکین نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آئندہ ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے تنظیمی حکمت عملی اور انتخابی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایلڈر ونگ کے تجربہ کار اراکین گھر گھر جا کر عوامی رابطہ مہم کو تیز تر کریں گے تاکہ تنظیم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کی ناقص پالیسیوں، انتظامی غلطیوں اور مسلسل ناکامیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور غلطیوں کے باعث صوبے کے عوام شدید ترین معاشی و سماجی مسائل کا شکار ہیں، جس کے خلاف ایم کیو ایم ہر سطح پر مؤثر آواز اٹھاتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ایم کیو ایم بھرپور اور فعال انداز میں حصہ لے گی اور اس سلسلے میں ایلڈر ونگ کا کلیدی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان کا طویل تجربہ اور فکری رہنمائی نوجوان کارکنان کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی، لہذا تمام ذمہ داران ابھی سے صف بندی مکمل کر کے انتخابی مہم کا آغاز کر دیں۔
اجلاس کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور جماعت کی مزید کامیابی و کامرانی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔