Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

نگران صوبائی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عام عوام کو نظر آنا شروع ہونے چاہیے۔ محمد مبین جمانی

ہم چاہتے ہیں کہ 15 روز کے اندر اندر ایس بی سی ایس میں قانونی تمام رکے ہوئے کام مکمل کئے جائیں۔ محمد مبین جمانی

0

نگران صوبائی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عام عوام کو نظر آنا شروع ہونے چاہیے۔ محمد مبین جمانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ 15 روز کے اندر اندر ایس بی سی ایس میں قانونی تمام رکے ہوئے کام مکمل کئے جائیں اور نگران صوبائی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عام عوام کو نظر آنا شروع ہونے چاہیے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کے تمام جائز کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آباد کے وفد کی صدارت سابق چیئرمین آباد محسن شیخانی نے کہ جبکہ وفد میں چیئرمین آباد آصف سم سم، سفیان اڈایا، سابق چیئرمین الطاف تائی، سنئیر وائس چیئرمین ابراہیم حبیب، ذیشان صدیقی، حنیف گوہر، مصطفٰی شیخانی، حسن بخشی، یونس لاکھانی، ناصر لاکھانی، عامر تھاڑا، محمود ٹبا اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ منظور شیخ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو، ڈی جی کے ڈی اے، ڈی جی ایم ڈی اے، ڈی جی ایل ڈی اے، سنئیر ڈائریکٹر سندھ ماسٹر پلان، ایم ڈی واٹر کارپوریشن و دیگر افسران موجود تھے۔

نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ 15 روز کے اندر اندر ایس بی سی ایس میں قانونی تمام رکے ہوئے کام مکمل کئے جائیں اور قانون کے مطابق تمام ایسی عمارتیں جو مکمل ہوگئی ہے ان کو مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ جاری کردئیے جائیں تاہم جن عمارتوں کو قانونی سے ہٹ کر مکمل کیا گیا ہے ان کو کسی صورت یہ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔

مبین جمانی نے کہا کہ ایم ڈی اے، کے ڈی اے اور ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی میں شامل کیا جائے گا اور ایل ڈی اے، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے میں ڈویلپمنٹ کے حوالے سے آباد اور ان اداروں کا جوائنٹ سروے15 روز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آباد کی جانب سے مطالبہ ہے کہ ٹائٹل کی ویریفیکیشن کو فوری کیا جائے تو ایس بی سی اے آباد کی جانب سے ٹائیٹل کی ویریفیکیشن کی درخواست پر 7 روز میں رپورٹ آباد کو فراہم کرے۔ مبین جمانی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نگران صوبائی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عام عوام کو نظر آنا شروع ہونے چاہیے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کے تمام جائز کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔

نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے مزید کہا کہ آج بھی سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے ہم پر یا افسران پر الزامات لگائے جارہے ہیں اور میں جانتا ہوں کہ اس کے پش پشت کون سے عناصر ہیں لیکن میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ایسے عناصر سے نہ پہلے کبھی خوفزدہ ہوا ہوں اور نہ آئندہ ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے شکایتی واٹس اپ نمبر عام کردیا ہے اور آباد سمیت کسی کو بھی کسی جائز کام میں رکاوٹ ہو تو وہ اس پر اپنی شکایات ثبوت کے ساتھ بھیج دے یہ میرا وعدہ ہے کہ جائز شکایات کا نہ صرف ازالہ کیا جائے گا بلکہ اس کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مبین جمانی نے کہا کہ ہمارے افسران پر الزامات لگانے والوں کے پاس شواہد ہیں تو وہ ضرور دیں لیکن کسی کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے افسران کی پروٹیکشن کے لئے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مبین جمانی نے آباد کے وفد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس شہر اور صوبے میں تعمیراتی شعبے میں ترقی ہو اور عوام کو اچھی اور سستی رہائش میسر ہو اور اس کے لئے ان کے تمام جائز کام ان کی دہلیز تک ہوں اس کا انتظام کیا جائے گا۔

اس موقع پر آباد کے سابق چیئرمین اور وفد کے سربراہ محسن شیخانی نے کہا کہ ہمیں اس نگران صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات کے اثرات اب اداروں میں نظر آنا شروع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے کئی عمارتوں کی مکمل ہونے کی سرٹیفکیٹ کے اجراء میں مشکلات ہورہی ہیں البتہ ڈی جی ایس بی سی اے نے اس پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

محسن شیخانی نے کہا کہ آباد کسی اپنے ممبر کی بھی ناجائز اور غیر قانونی کام کی کسی صورت حمایت نہیں کرے گا۔ چئیرمین آباد آصف سم سم نے کہا کہ ایس بی سی اے سمیت دیگر محکموں میں نظام کو صاف و شفاف بنانے اور اس کے اثرات اس صنعت پر مثبت ہوں اس کے لئے آباد ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ایم ڈی اے، کے ڈی اے، ایل ڈی اے، ایس بی سی اے سمیت دیگر محکموں میں آباد کی کمیٹی بنانے اور ان کی گورننگ باڈی میں آباد کو شامل کرنے پر ہم مبین جمانی کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ ہم اس شہر اور صوبے میں عوام کو سستی اور اچھی چھت فراہم کریں اور موجودہ نگران صوبائی حکومت اور بالخصوص وزیر بلدیات محمد مبین جمانی سے ہم اس کی بھرپور امید رکھتے ہیں۔

Comments
Loading...