Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ منور علی مہیسر

اختتام پر جیتنے والی گرلز کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

0

کراچی : محکمہ کھیل سندھ کے زیرِ اہتمام ڈی ایس او فرید علی کی زیرِ نگرانی ضلع جنوبی کراچی گرلز ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جبکہ دوسری جانب نویں ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے سندھ کے کھلاڑیوں میں 6 لاکھ روپے انعامی رقوم تقسیم کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ، ڈی ایس اوز فرید علی، اسماعیل شاہ، شکیل احمد اور سنی پرویز بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران سری لنکا میں منعقد ہونے والی نویں ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کر کے ملک کے لیے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے کیش انعامات سے نوازا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ کیش انعام حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ایانہ نوئل آرتھر (گولڈ میڈل) کو دو لاکھ روپے، اریشہ ندیم (سلور میڈل) کو ایک لاکھ روپے جبکہ عبدالرحمان، سائرش، تصدق اور ثمرا اعجاز کو براؤنز میڈل حاصل کرنے پر فی کس ایک لاکھ روپے دیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کی محنت کا بروقت اعتراف کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی شرکت خوش آئند ہے اور یہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ سندھ حکومت خواتین کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سیکریٹری کھیل نے بتایا کہ انٹرنیشنل کراٹے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر چھ لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر فرید علی نے کہا کہ فیسٹیول کے دوران گرلز کرکٹ اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جن میں گرلز طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔

ترجمان کے مطابق گرلز ٹیبل ٹینس مقابلوں میں نازنین اور مسکان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ رانیہ اور مصباح نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ترجمان نے کہا کہ گرلز کرکٹ میچ میں کے ایم اے گرلز ڈگری کالج نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ونر جبکہ ٹی آئی اے اکیڈمی نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔

اختتام پر جیتنے والی گرلز کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

Comments
Loading...