کراچی کے مستقبل پر کانفرنس کے بعد سندھ کے مستقبل پر بھی جامع کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کامران ٹیسوری
سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا بہادرآباد مرکز پر خطاب، ساڑھے تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و اراکین مرکزی کمیٹی کو سابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ساڑھے تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، کہف الوری، فرقان اطیب و حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی موجود تھے۔
بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اپنے دورِ گورنری کے دوران ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کو ترجیح دی گئی، جبکہ عوامی خدمت کے مختلف منصوبے متعارف کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کی حمایت حاصل ہو تو کسی سرکاری عہدے کی ضرورت نہیں رہتی، اور وہ آئندہ بھی عوام کے درمیان رہ کر خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں سندھ کے تمام اضلاع اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد کی بلاامتیاز خدمت کی گئی، جس میں لیپ ٹاپس کی تقسیم، موٹر بائیکس کی فراہمی اور دیگر فلاحی اقدامات شامل ہیں۔ سابق گورنر نے بہادرآباد مرکز پر پرتپاک استقبال پر چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مستقبل پر کانفرنس کے بعد سندھ کے مستقبل پر بھی جامع کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس بات پر متفق ہیں کہ باہمی اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر اپنی جماعت کے ساتھ نظر آئیں گے۔
انہوں نے میڈیا نمائندگان، تاجر برادری اور صنعتکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پاس اگرچہ سرکاری وسائل نہیں، لیکن کارکنان کی طاقت اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ تنظیم کے شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ایم کیو ایم پاکستان مضبوط ہو رہی ہے اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت جبکہ لاپتہ ساتھیوں کے لیے دعائے خیر کی گئی۔
اس موقع پر مرکزی شعبہ جات کے انچارجز و کمیٹی، ٹاون و یوسی کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔