ہمیں جھوٹ کا مقابلہ سچ کی طاقت سے کرنا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
نو منتخب ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ داران کو مبارکباد۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
سچائی منزل بھی ہے اور منزل تک پہنچنے کا رستہ بھی، جھوٹی معلومات کی آلودگی کے سامنے ہمیں سچائی سے دنیا کو روشناس کروانا ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں ڈیجیٹل میڈیا کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینرز سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینرز و اراکین رابطہ کمیٹی سمیت ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نو منتخب ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اب آپ لوگوں پر بہت سخت ذمہ داری عائد ہوگئی ہے جس کو تمام نئے منتخب ذمہ داران نے کارکنان کے ساتھ ملکر احسن طریقے سے نبھانی ہے، ہمیں جھوٹ کا مقابلہ سچ کی طاقت سے کرنا ہے اور ایم کیو ایم کا سب سے بڑا مقابلہ اسکے خلاف بنائے گئے جھوٹے پرسیپشن سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچائی منزل بھی ہے، اور منزل تک پہنچنے کا رستہ بھی ہے،دنیا تک سچائی پہنچانے کے لئے آپ پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے معلومات کی آلودگی ہمارے سامنے ہے، اس کے سامنے ہمیں سچائی سے دنیا کو روشناس کروانا ہے کیونکہ سچ کے فروغ اور جھوٹ کے خلاف جہاد کا کام ایم کیو ایم کا شعار ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ آج بھی وہ ایم کیو ایم موجود ہے جو موروثیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ موروثیت کیخلاف ایک سیسہ پلائی دیوار ہے،صحیح وقت پر نئے اور تازہ سفر کا آغاز کرنے پر ایم کیو ایم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔