سندھ سا لڈ ویسٹ مینجمنٹ پر اٹھائے گئے الزامات صرف تنقید نہیں بلکہ اصلاح کی نیت پر مبنی تھے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
دونوں ادارے مکمل تعاون کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن میں صفائی ستھرائی اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ نے ایک مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا، جس میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، جبکہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر عادل ہاشمی اور ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے خطاب میں کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر اٹھائے گئے الزامات صرف تنقید نہیں بلکہ اصلاح کی نیت پر مبنی تھے اور ہمارا مقصد کسی کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے لیے صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اکیلے کام کر رہی تھی، مگر عوام کے لیے تسلی بخش نتائج سامنے نہیں آئے، اب دونوں ادارے مشترکہ کاوشوں کے ذریعے نیو کراچی ٹاؤن کو صاف ستھرا بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی مشینری اور تجربہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کے ساتھ شامل ہوگا تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے اور تمام ترقیاتی کاموں کے بعد اگر صفائی نہ ہو تو ترقی کا کوئی فائدہ نہیں، اس لیے ہمارا عزم ہے کہ نیو کراچی کے عوام کو صاف، شفاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔
ڈمپنگ پوائنٹس کے حوالے سے چیئرمین نے کہا کہ نیو کراچی ایک گنجان آبادی والا علاقہ ہے جہاں ڈمپنگ پوائنٹس کا مسئلہ حساس ہے، عوامی شکایات کے پیش نظر کئی پرانے ڈمپنگ پوائنٹس ختم کیے جا چکے ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے چار نئی جگہوں کی نشاندہی کی ہے، جس میں ہم مشترکہ فیصلہ کریں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اور کام بھی جاری رہے۔
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ نیو کراچی ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں کچرے کے انبار اور صفائی کے مسائل نمایاں ہیں۔ تقریب میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ادارے مکمل تعاون کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تاکہ شہریوں کو بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکے اور ماحول دوست اقدامات کے ذریعے صحت مند زندگی کے مواقع بھی میسر آئیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے اختتام میں کہا کہ یہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کو صاف ستھرا اور خوشگوار بنایا جائے اور یہ نہ صرف ہمارا فریضہ بلکہ عوام کے ساتھ ہمارا وعدہ بھی ہے۔