چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا نئے سال کے آغاز پر تہنیتی پیغام
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ گزرنے والا سال آزمائشوں، جدوجہد اور سیاسی استحکام کی کوششوں سے عبارت رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج جاگیردارانہ جمہوریت کے باعث عام پاکستانیوں تک جمہوریت کے ثمرات نہیں پہنچ پائے، جس کے نتیجے میں عوامی مسائل جوں کے توں برقرار رہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے سال میں اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ملک میں شراکتی اور شمولیتی جمہوریت کے فروغ کے لیے منظم، متحرک اور مضبوط جدوجہد کی جائے تاکہ عام پاکستانی حقیقی معنوں میں بااختیار ہو سکے۔
انہوں نے نئے سال کے موقع پر پاکستانی قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا سال ملک میں امن، خوشحالی، سیاسی استحکام، معاشی بہتری اور قومی یکجہتی کا پیغام لے کر آئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز سے محفوظ رکھے، قومی سلامتی، خودمختاری اور بقا کو یقینی بنائے اور قوم کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔
آخر میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نئے سال میں بھی عوامی حقوق کے تحفظ، مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔