چیئرمین جاوید صدیقی کی قیادت میں مرکزی تاجران فورم کے وفد کی ایس ایس پی ساؤتھ محظور علی سے ملاقات
کراچی : چیئرمین جاوید صدیقی کی قیادت میں مرکزی تاجران فورم کے وفد کی ایس ایس پی ساؤتھ محظور علی سے ملاقات، تاجروں کے تحفظ اور منشیات کے خاتمے پر تفصیلی گفتگو۔
مرکزی تاجران فورم کے جنرل سیکریٹری محمد جمال شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج مرکزی تاجران فورم کے چیئرمین جاوید صدیقی کی سربراہی میں وفد نے ایس ایس پی ساؤتھ جناب محظور علی سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف تجارتی علاقوں کی سیکیورٹی، تاجروں کو درپیش مسائل، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محمد جمال شیخ نے کہا کہ چیئرمین جاوید صدیقی نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا تاجروں کے جان و مال کا تحفظ، تجارتی مراکز میں مؤثر پولیس گشت، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور منشیات فروشوں کے خلاف مستقل کریک ڈاؤن وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس پی ساؤتھ جناب محظور علی نے چیئرمین جاوید صدیقی اور وفد کو یقین دلایا کہ ساؤتھ زون میں امن و امان کے قیام، تاجروں کے تحفظ اور منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
وفد میں صدر محمد افسر یار خان، جنرل سیکریٹری محمد جمال شیخ، جوائنٹ سیکریٹری اشفاق زئی، امانت بھائی (چیئرمین گزری مارکیٹ)، شقیب بھائی (چیئرمین صدر الیکٹرانک مارکیٹ)، عمیر الزفر بھائی (چیئرمین واٹر پمپ مارکیٹ) اور کمیٹی ممبر فیصل بھائی شامل تھے۔
آخر میں جنرل سیکریٹری محمد جمال شیخ نے کہا کہ چیئرمین جاوید صدیقی کی قیادت میں مرکزی تاجران فورم تاجروں کے حقوق، تحفظ اور کراچی میں پرامن کاروباری ماحول کے قیام کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔