واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن برساتی نالوں سے سیوریج سسٹم کوفوری الگ کرے۔محمد یوسف
چیئرمین محمد یوسف کا نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ۔
میئر کراچی نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے خصوصی توجہ دیں۔چیئرمین محمد یوسف
کراچی: چیئرمین محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ۔عوامی شکایات پر بارشوں کے بعد صفائی ستھرائی اور بوسیدہ سیوریج لائنوں کا جائزہ۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی غفلت کی وجہ سے علاقوں میں سیوریج کا گنداپانی موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی سیکٹر 5ڈی اور 5ایف بشیر چوک پر بارشوں کے بعد صفائی ستھرائی اور بوسیدہ سیوریج لائنوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمتعلقہ ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شکایات موصول ہورہی ہیں جس میں سب سے زیادہ پانی اور سیوریج کے مسائل موجود ہیں۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ بشیر چوک سے گزرنے والا سیوریج سسٹم جو کے چار یوسیوں کے سیوریج کے گندے پانی کو صبا چورنگی ندی تک لے جاتا ہے اس سیوریج سسٹم میں بشیر چوک کے مقام پر بلاکیج ہے جس کی وجہ سے یوسی 4،5، 6 اور 7 کے علاقے متاثر ہوئے ہیں اور سیوریج کا پانی گلیوں میں موجود ہے اور گھروں میں بھی داخل ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام سخت پریشانی میں ہیں۔عوامی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ محدود وسائل میں کوشش کررہی ہے کہ اس بلاکیج کو جلد ختم کیا جائے تاکہ گندے پانی سے زیر آب آنے والے علاقوں سے نکاسی ممکن ہوسکے۔
واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن فوری طور پر علاقوں میں موجود بوسیدہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کرے ان خستہ سیوریج لائنوں کی وجہ سے گلیوں میں گندے پانی کے جوہڑ بن گئے ہیں جسکی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور یہ مختلف بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی نااہلی کا خمیازہ ہمیں بھگنا پڑھ رہا ہے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن برساتی نالوں سے سیوریج سسٹم کوفوری الگ کرے تاکہ برسات کے دوران نکاسی آب کا عمل متاثر نہ ہو۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ الحمد اللہ اس ساری صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے اپنی پیشگی تیاری کی ہوئی تھی جسکی وجہ سے صورتحال قابومیں ہے اور اگر یہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام کرلیا جائے تو علاقوں میں بھی گندے پانی کا اجتماع نظر نہیں آئے گا اس کے لئے بھی منتخب بلدیاتی نمائندے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمہ داران سے رابطے میں رہتے ہیں اور عوامی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ٹاؤن نے اپنے ذاتی فنڈ سے بھی سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے کام کروائے ہیں۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میئر کراچی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل پر توجہ دیں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو پابند کریں کہ خصوصی توجہ کے ساتھ سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل کو حل کریں۔