سرکاری اسکولوں میں نجی اسکولوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ نصرت اللہ
تعلیم قوموں کی تقدیر بدلتی ہے، گلبرگ ٹاؤن کی تعلیمی کوشش قابلِ تقلید ہے۔منعم ظفر
گلبرگ ٹاؤن محکمہ تعلیم کے زیر انتظام بہادر یار جنگ اسکول میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا
کراچی : گلبرگ ٹاؤن محکمہ تعلیم کے زیر انتظام بہادر یار جنگ اسکول میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیاجس کا افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی معنم ظفر نے کیاجس میں گلبرگ ٹاؤن کے تمام اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ بہترین پروجیکٹس بنانے والے طلبہ و طالبات کو امیر جماعت اسلامی کراچی معنم ظفر اورچیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے انعامات سے نوازا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ،امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج،ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹرز عائشہ قمر اور ظفر قریشی،تعلیمی کمیٹی طاہرہ عمران بھی موجود تھی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی معنم ظفر نے کہا کہ ہم سب طالب علم ہیں آپ کی پیدائش سے لے کر قبر تک تعلیم کا سفر جاری رہتا ہے اس تعلیم کے سفر کو جاری رکھنا چاہیے اس تعلیم کے سفر کو اگے بڑھانا چاہیے اور پاکستان اسی صورت میں ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے آج کی خوبصورت تقریب نے جماعت اسلامی کے تعلیمی وژن کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ نے جس محنت اور تخلیقی صلاحیت کے ساتھ پروجیکٹس پیش کیے وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ سرکاری اسکولوں کے بچے صلاحیت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی پھیلانا اور چراغ سے چراغ جلانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پاکستان میں اس وقت 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ سندھ میں تقریباً 78 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، جو ایک بہت بڑا قومی المیہ ہے۔ مہنگائی اور سہولتوں کی کمی والدین کے لیے بچوں کو اسکول بھیجنا مشکل بنا رہی ہے، اس لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جب تک تعلیم کو اولین ترجیح نہیں بنایا جائے گا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ کردار سازی، اخلاقیات اور دین سے محبت کی تربیت دینا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک باوقار اور مضبوط قوم کے معمار بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں اسکولوں کی بحالی، رجسٹریشن میں اضافہ اور تعلیمی سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے اور یہ ترقی صرف انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، مشن اور عزم کا نتیجہ ہے۔”گلبرگ ٹاؤن تعلیم کے میدان میں مثال بن چکا ہے”۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ ربِ رحمان کا شکر ہے کہ ہمیں تعلیم کے شعبے میں خدمت کی توفیق ملی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سوا دو سال میں گلبرگ ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں بحالی اور ترقی قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پرنسپلز، اساتذہ اور پوری تعلیمی ٹیم نے توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی، جس پر وہ ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بچوں کے پروجیکٹس یہ ثابت کر رہے ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں نجی اسکولوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
نصرت اللہ نے کہا کہ کراچی آج مسائلستان بنا ہوا ہے جبکہ یہ ملک کا معاشی حب ہے جو 64 فیصد وفاق اور 92 فیصد صوبائی ریونیو فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اختیارات کا رونا نہیں رو رہی بلکہ اختیار سے بڑھ کر کام کر رہی ہے اور گلبرگ ٹاؤن اس کی بہترین مثال ہے، جہاں ڈور اسٹیپ میونسپل سروسز، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر خلوص اور ایمانداری ہو تو معاشرے اور ریاستیں بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تعمیر اور ترقی کا سفر جاری رہے گا اور کراچی آگے بڑھے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ٹاون میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت سائنسی نمائش میں 16 سے زائد سرکاری اسکولز کے طلبہ نے اپنے پروجیٹکس پیش کئے یہ نمائش بہادریارجنگ اسکول بلاک 11 میں منعقد ہوء، جس میں اساتزہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔