شجرکاری نہ صرف انسانی صحت اور آنے والی نسلوں کو خوشگوار فضا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
نیو کراچی ٹاؤن کے چیئر مین محمد یوسف کا 28مئی کی قومی اہمیت اور ڈاکٹر عبدالقدیرخان(مرحوم) کوشاندار خراجِ عقیدت۔
نیو کراچی ٹاؤن میں پودے لگا ئیں،مستقبل بچائیں کے سلوگن کے ساتھ شجرکاری مہم کا افتتاح۔
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے یوسی 05 سیکٹر 5-جے میں واقع الاقصیٰ پارک میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو ٹاؤن شعیب بن ظہیرمحکمہ باغات کے ڈائریکٹر آفتاب احمد اور سینئر افسرباغات جاوید جمال،یونین کونسل 5 کے چیئرمین راجہ عطاالرحمن اور دیگر ٹاون افسران، منتخب نمائندگان، علاقہ معززین، طلباء اور سماجی تنظیموں کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شجرکاری مہم کے دوران مختلف اقسام کے سایہ دار اور پھولدار درختوں کے پودے لگائے گئے، جن کا مقصد شہر کو سرسبز و شاداب اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف انسانی صحت اور ماحول کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے، بلکہ یہ آنے والی نسلوں کو خوشگوار فضا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یوسی، ہر محلے اور ہر پارک میں شجرکاری کی مہم جاری رکھی جائے گی اور عوام کو اس کارِ خیر میں شریک کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ درخت اللہ کی بڑی نعمت ہیں، جو ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں، گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں، اور ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، گلی محلوں اور پارکوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔تقریب کے دوران 28 مئی سن 1998 کے یومِ تکبیر کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اس دن پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور ایٹمی قوت بن کر اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان (مرحوم) اور اُن کی ٹیم کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ 28 مئی 1998 کا دن پوری قوم کے اتحاد، عزم اور قومی غیرت کا مظہر ہے، جو ہمیں آج بھی دشمن کے سامنے سربلند ہونے کا حوصلہ دیتا ہے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ 28 مئی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے اس عمل پر شکر ادا کرتے ہوئے وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سرسبز پاکستان کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھیں۔تقریب کے اختتام پرسماجی تنظیموں کے رضا کاروں کو اعزازی شلیڈپیش کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت اور سرسبز و شاداب رکھے، اور ملک کو دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ فرمائے۔ بعدازاں مہمانانِ گرامی نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور اس قومی مہم کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔