اسلام ہمیں رواداری، مساوات اور دوسرے مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے۔ میونسپل کمشنر منور حُسین ملاح
سیالکوٹ کنونشن 2025 میں شرکت کے لیے اقلیتی ملازمین و زائرین کی مالی معاونت۔
مذہبی رواداری ۔ امن، محبت اور باہمی احترام کی بنیاد ہے، یہی جذبہ ایک مضبوط اور متحد معاشرے کی ضمانت بنتا ہے۔ ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر
کراچی : میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حُسین ملاح اور ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بین المذاہب ہم آہنگی اور مساواتِ شہری کے فروغ کے لیے ایک مثالی قدم اٹھاتے ہوئے عیسائی ملازمین و زائرین کو سیالکوٹ کنونشن 2025 میں شرکت کے لیے مالی معاونت فراہم کی ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے آٹھ عیسائی ملازمین کو فی کس پچیس ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض اور رسومات باآسانی ادا کر سکیں۔
اس موقع پرٹاؤن کمیٹی چیئرمین برائے قلیتی امور آصف روجر بھٹی ،فنانس آفیسر محمد سلمان شیخ بھی موجود تھے ۔سیالکوٹ کنونشن جو 1904 سے ہر سال منعقد ہوتا آرہا ہے، ملک بھر کے عیسائی زائرین کے لیے روحانی تجدید، عبادت اور برکتوں کا ایک تاریخی اجتماع ہے۔میونسپل کمشنر منور حُسین ملاح نے عیسائی ملازمین کو چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں رواداری، مساوات اور دوسرے مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہر شہری، خواہ وہ کسی بھی مذہب یا عقیدے سے وابستہ ہو، ریاست اور اداروں کی توجہ و سہولت کا یکساں حق رکھتا ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ کا یہ عزم ہے کہ کوئی بھی فرد محض وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنے مذہبی فریضے یا روحانی اجتماع میں شرکت سے محروم نہ رہ جائے۔
ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ مذہبی رواداری دراصل امن، محبت اور باہمی احترام کی بنیاد ہے، اور یہی جذبہ ایک مضبوط اور متحد معاشرے کی ضمانت بنتا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن ایک ایسا علاقہ بنے جو مذہبی ہم آہنگی اور انسانی احترام کی علامت کے طور پر پہچانا جائے۔ یہ مالی معاونت ہمارے اسی وژن کا تسلسل ہے۔
اس موقع پر ٹاؤن کمیٹی چیئرمین برائے قلیتی امورعامر روجر بھٹی، جو سیالکوٹ کنونشن میں جانے والے زائرین کے سربراہ بھی ہیں، نے ٹاؤن انتظامیہ کے اس اقدام پرزبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ منتخب نمائندوں اور افسران نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ایک منتظم نہیں بلکہ ایک نرم دل رکھنے والے انسان بھی ہیں۔
عیسائی برادری ان کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے اقلیتوں کو برابر کے شہری تسلیم کرتے ہوئے ان کے مذہبی اجتماع میں شرکت کے لیے جو سہولت فراہم کی ہے، وہ ایک تاریخی اور یادگار قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں اس طرح کے اقدامات سے باہمی اعتماد، یکجہتی اور مذہبی احترام کے نئے دروازے کھلیں گے۔عوامی حلقوں نے بھی ٹاؤن انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کی قیادت میں نیو کراچی ٹاؤن خدمت، اخوت اور رواداری کی عملی مثال بن چکا ہے۔