Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

بلدیاتی بائیکاٹ کے بعد، اب عوام کے سینہ ٹھوک مطالبات لے کر میدان میں آئیں گے، کراچی کل بھی ایم کیو ایم کا تھا اور آج بھی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار

سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرِ صدارت سرجانی ٹاؤن آفس میں اہم مشاورتی اجلاس، مرکزی قیادت اور ذمہ داران ؤ کارکنان کی شرکت

0

بلدیاتی بائیکاٹ کے بعد، اب عوام کے سینہ ٹھوک مطالبات لے کر میدان میں آئیں گے، کراچی کل بھی ایم کیو ایم کا تھا اور آج بھی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے یکم نومبر کو حلقہ این اے-244 سرجانی ٹاؤن میں منعقد ہونے والے حق پرست عوام کے عظیم الشان عوامی اجتماع کی تیاریوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے یہ جائزہ سرجانی ٹاؤن آفس میں متعلقہ ٹاؤنز اور یوسیز کے ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم مشاورتی میٹنگ کے دوران لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکینِ مرکزی کمیٹی شکیل احمد، ارشاد ظفیر، کامران فاروقی، ارشد حسن، سی او سی ممبر عارف شاہ اور رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد سمیت ٹاؤن کے ذمہ داران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کا یہ اجتماع ایم کیو ایم کی عوامی تائید و قوت کا تاریخی مظاہرہ ہوگا اور یہ دن انشاءاللہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، نواب شاہ اور اندرون سندھ کے تمام شہری علاقوں میں حقوق کی جدوجہد کا سنگِ بنیاد ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کر کے مخالفین کی کارکردگی کو بے نقاب کیا گیا اور اب وقت آگیا ہے کہ عوامی طاقت کے ذریعے اپنے مطالبات سینہ ٹھوک کر ہر ایک کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ اجتماع ان تمام سازشوں کا منہ توڑ جواب ہوگا جو ایم کیو ایم کو تقسیم یا کمزور کرنے کے درپے ہیں اور کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کل بھی ایک تھی، آج بھی ایک ہے اور ایک ہی رہے گی۔ اس اتحاد اور عوام کی بھرپور شرکت سے ہر قسم کا کنفیوژن یا ابہام دور ہو جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل بھی کراچی ایم کیو ایم کے ساتھ تھا، آج بھی ہے اور انشاءاللہ کل بھی رہے گا۔ لہٰذا تمام ذمہ داران اور کارکنان بھرپور محنت سے اس اجتماع کو ملک گیر سطح پر ایک کامیاب اور فقید المثال تقریب ثابت کریں۔

Comments
Loading...