Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

جدید ٹیکنالوجی سے ادویات و علاج کی سہولت عوام کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ سید مصطفیٰ کمال

صحت کے شعبے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال

0

جدید ٹیکنالوجی سے ادویات و علاج کی سہولت عوام کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ سید مصطفیٰ کمال

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے ادویات اور علاج کی سہولت عوام کی دہلیز پر پہنچائیں گے، صحت کے شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پمز ہسپتال کے دورے کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صحت میرے لئے پھولوں کی سیج نہیں کیونکہ اس شعبے میں غلطی کا ازالہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پمز میں جاری منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، ہم نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری کو ایک چیلنج کی طرح نبھایا، جدید ٹیکنالوجی سے ادویات اور علاج کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، صحت کے شعبے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، آنے والے دنوں میں اس شعبے میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدت طرازی اور مثبت اصلاحات متعارف، بنیادی صحت کے مراکز کو جدید اور مکمل انداز میں فعال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیلی میڈیسن کی طرف جانا ہے، ایک مریض ایک آئی ڈی کے نظام کو متعارف کرانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کا محکمہ سب سے زیادہ خطرناک ہے، روڈز کے محکمے میں روڈ دوبارہ بن جائے گی، تعلیم ریکور ہو سکتی ہے، غلطی کا ازالہ ہر جگہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کا شعبہ اللہ کی مخلوق سے منسلک ہے، انسان جب تکلیف میں ہوتا ہے تو ہسپتال کی طرف آتا ہے، غریب سرکاری ہسپتال میں آتا ہے جبکہ امیر پرائیویٹ ہسپتال جا سکتے ہیں۔ ہم نے یہاں لوگوں کی بددعائیں نہیں لینی، یہ امتحان ہے جس سے کامیابی سے گزرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا کو سامنے رکھ کر ٹیلی میڈیسن پر جانا چاہیے، بنیادی مرکز صحت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بڑے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد گھر کی دہلیز پر دوا اور ڈاکٹر مہیا کرنا ہے، 2.1 ارب روپے کی لاگت سے سات آپریشن تھیڑ بنائے گئے ہیں، ایسے جدید آپریشن تھیٹرز میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی، چیزیں آئیڈیل نہیں لیکن بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ہماری پالیسیوں کی بدولت صحت کے شعبے میں بہتری نظر آئے گی۔

Comments
Loading...