ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکتی ہیں۔ کشور زہرہ
شمعونہ صدف کی جانب سے بلدیہ وسطی کے عوام کی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی
ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکتی ہیں۔ کشور زہرہ
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والی ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ نے بلدیہ وسطی کی میونسپل کمشنر کا عہدہ سنبھالنے پر شمعونہ صدف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری خواتین عملی میدان میں مردوں سے کم نہیں وہ زندگی کے ہرشعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے خواتین کو ایسے مواقع فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو جب بھی مواقع فراہم کئے گئے۔ خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے شمعونہ صدف کو میونسپل کمشنر ضلع وسطی تعینات کرنے پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کشور زہرہ نے بلدیہ وسطی کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر شمعونہ صدف سے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کے علاوہ ضلع وسطی کی تعمیر وترقی سمیت بلدیہ وسطی کے عوام کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگوکی۔
میونسپل کمشنر شمعونہ صدف نے کشور زہرہ کو یقین دلایا کہ وہ ضلع وسطی کے عوام کو بہترین بلدیاتی خدمات مہیاکرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔ واضح رہے کہ شمعونہ صدف بلدیہ وسطی میں مختلف محکموں میں گزشتہ کئی برسوں سے خدمات انجام دے رہی ہیں اور وہ یہاں کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔
امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں نہ صرف بخوبی نبھائیں گی بلکہ ضلع وسطی کے عوام کے بلدیاتی مسائل حل کرنے کے ساتھ بہتر شہری اور معاشرتی زندگی کا ماحول مہیاکرنے کے لئے خوش آئند اقدامات کریں گی۔