صائمہ عربین ولاز کی مشاورتی کونسل کی جانب سے سہولیات فراہم ناکرنے پر احتجاجی مظاہرہ
احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد شریک
صائمہ عربین ولاز کی مشاورتی کونسل کی جانب سے سہولیات فراہم ناکرنے پر احتجاجی مظاہرہ
کراچی : نارتھ کراچی میں قائم صائمہ عربین ولاز کی مشاورتی کونسل کی جانب سے سہولیات فراہم ناکرنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دوہزار دس سے شروع ہونے والا صائمہ عریبین ولاز پروجیکٹ تیرہ سال بعد بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہاں کے رہائشیوں کو تاحال لیز نہیں دی گئی۔ یہاں نہ تو گیس ہے اور نہ ہی پانی، حتی کہ قبرستان اور سکیورٹی کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ خواتین کےلیے کوئی شٹل سروس تک نہیں جس کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو مرکزی گیٹ تک پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اگر ہم احتجاج کرتےہیں تو ہمارے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ صائمہ عریبین ولاز کے رہائشیوں کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلیے مرکزی گیٹ تک ریلی بھی نکالی گئی۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی رہنما اختر بھی وہاں پہنچے اور مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلیے مینجمنٹ سے بات کریں گے۔
دوسری جانب مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر صائمہ عریبین ولاز انتظامیہ کی جانب سے ہمیں بنیادی سہولیات نہ دی گئیں تو اگلے مرحلے میں شاہراہ فیصل پر ان کے زیرتعمیر پراجیکٹ کے سامنے احتجاج کریں گے۔