Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

منصوبے کی بروقت تکمیل اور مقاصد کے حصول کے لیے کام کی رفتار اور معیار دونوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ جام خان شورو

وزیرِ آبپاشی، منصوبہ بندی و ترقی سندھ، جام خان شورو نے کے بی فیڈر منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا۔

0

کراچی: وزیرِ آبپاشی، منصوبہ بندی و ترقی سندھ، جام خان شورو نے کے بی فیڈر منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین منصوبہ بندی نجم شاہ، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو، سپرنٹنڈنٹ انجینئر سانول کریم اور دیگر افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر نے کے بی فیڈر کی سی سی لائننگ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

افسران نے منصوبے کے دائرۂ کار، تعمیراتی حکمتِ عملی، اب تک حاصل ہونے والے اہداف اور آئندہ کے اہداف سے وزیر کو آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر کو نہر کے تکنیکی طور پر مشکل چٹانی حصے کا بھی دورہ کروایا گیا، جہاں بھاری مشینری جیسے ایکسکیویٹر اور ہائیڈرولک بریکر سخت پتھروں کو کاٹ کر نہر کی تعمیر اور لائننگ میں مصروف تھی۔

سپرینٹنڈنٹ انجینئر سانول کریم نے بتایا کہ یہ حصہ انتہائی پیچیدہ ہے اور یہاں کام کے لیے خصوصی آلات اور مسلسل محنت درکار ہے۔

جام خان شورو نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور مقاصد کے حصول کے لیے کام کی رفتار اور معیار دونوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ پانی کی اشد ضرورت والے علاقوں کو فوری طور پر پانی فراہم کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پانی کے سپر پیسج کو جلد از جلد لائننگ کے ساتھ جوڑا جائے تاکہ پانی بغیر رکاوٹ کے آگے جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سات بیرل تھے، جن میں مزید پانچ بیرل شامل کیے گئے ہیں تاکہ پانی کا بہاؤ بہتر ہو۔

Comments
Loading...