Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

اپنے نوجوانوں کو ملک کیلئے بوجھ نہیں بلکہ ترقی کی چابی بنانا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ہمیں اب اپنی آنکھیں کھولنے اور درست سمت میں انویسٹمنٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

0

اپنے نوجوانوں کو ملک کیلئے بوجھ نہیں بلکہ ترقی کی چابی بنانا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی و ایجوکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس تیز رفتار دنیا نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے، یہ ممکنات کی دنیا ہے امکانات کا عہد ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو وہ مواقع فراہم کرنا ہیں جہاں وہ بدلتی دنیا کے تقاضوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرسکیں، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کرنا نئی نسل کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کراچی میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے تعاون سے چھٹی اوپن ہاؤس پروجیکٹ مقابلہ اور پوسٹر نمائش بلا عنوان “گیکس” کے انعقاد کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم کئی مواقع کھو چکے ہیں، یورپ اور ویسٹ ہم سے بہت آگے ہے، ہمیں اب اپنی آنکھیں کھولنے اور درست سمت میں انویسٹمنٹ کرنے کی ضرورت ہے، ہم ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ملک کا بہت بڑا سرمایہ ہیں، پاکستان نے اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلنا ہے تو ہمیں خیال اور امکان کو سمجھ کر صحیح سمت میں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کبھی کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کرتا بلکہ پورا خطہ ترقی کرتا ہے، آج خطے میں موجود دوسرے ممالک آبادی اور آبادی کے نوجوان طبقے کو بوجھ سے ترقی کی چابی بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں اور ان ممالک کے قابل نوجوان پوری دنیا کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال کر اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، ہمیں بھی اس ماڈل پر چلنا ہے، اپنے نوجوانوں کو بوجھ نہیں بلکہ ترقی کی چابی بنانا ہے، نوجوان طبقے کی سہولت کاری کرنا ہے تاکہ خطے کی ترقی کی دوڑ میں پاکستان بھی شامل ہوسکے، آپ پوری دنیا کی ضرورت کو پورا کرسکتے ہیں اگر ابھی ہم نے فیصلہ کرلیا تو آنے والے وقت میں سر اٹھا کر چلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اور آپ سب جانتے ہیں اور مانتے ہیں کہ سائنس اور ٹیکنالوجی نا صرف پاکستان کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے بھی ضروری ہے، پاکستان کا مستقبل طلبہ کے اس کہکشاں پر انحصار کرتا ہے یہ دور آرٹیفیشل انٹیلیجنز کا دور ہے اور ہمارے عوام آج تک بنیادی ضروریات کے حصول کیلئے سراپا احتجاج ہیں، مجھے یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی ہے میں اس پروگرام کے حوالے سے آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آنے والے وقتوں میں حکومت پاکستان طلبہ کی بہتری کے لئے اچھے اقدامات پلان کر رہی ہے۔

Comments
Loading...