سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جیسے ادارے ٹاؤن کے ما تحت نہیں ہیں۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
سیکٹر 3 نارتھ کراچی میں پیور بلاک منصوبے کا آغاز، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے منصوبے کا افتتاح کیا
پیور بلاک منصوبہ عوام کی دیرینہ مشکلات کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر
کراچی : نارتھ کراچی کے سیکٹر 3 میں پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران، بلدیاتی نمائندگان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے دیگر علاقوں کی طرح اب سیکٹر 3 میں بھی پیور بلاک کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد یہاں 70 سے 80 گلیوں کو پیور بلاکس کے ذریعے پختہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نمائشی یا عارضی ترقی نہیں بلکہ پائیدار اور دیرپا ترقی ہے تاکہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ بار بار کی توڑ پھوڑ میں ضائع نہ ہو۔چیئرمین محمد یوسف نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے یہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہے، جس کے باعث پیور بلاک کی تنصیب میں رکاوٹیں اور تاخیر پیدا ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ پہلے سیوریج اور پینے کے پانی کی لائنوں کی درستگی کو یقینی بناتی ہے، اس کے بعد پیور بلاک کی تنصیب کا عمل شروع کیا جاتا ہے تاکہ ترقیاتی کام دیرپا ہوں اور عوامی وسائل محفوظ رہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سیکٹر 3 میں پیور بلاک کے کام میں تاخیر کسی نااہلی کا نتیجہ نہیں بلکہ بنیادی انفرااسٹرکچر کی خرابی ہے، جسے درست کیے بغیر سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگی۔
چیئرمین نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ماضی میں مسلسل نظر انداز کیا گیا ۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیور بلاک منصوبہ عوام کی دیرینہ مشکلات کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کی قیادت میں کوشش ہے کہ ترقیاتی کاموں کا معیار بہتر بنایا جائے اور ہر منصوبہ عوام کی اصل ضرورت کو سامنے رکھ کر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں بلا امتیاز ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود اپنی بساط سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، تاہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جیسے ادارے ٹاؤن انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، جس کے باعث عدم تعاون کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور عوامی مسائل سنگین رخ اختیار کر چکے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مطالبہ کیا کہ نارتھ کراچی کی مرکزی شاہراہ 7000 روڈ )شفیق موڑ تا اللہ والی( انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، جو ٹریفک جام اور شہری مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی فوری طور پر اس اہم شاہراہ کی ازسرِنو تعمیر کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ نیو کراچی کے لاکھوں شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
آخر میں چیئرمین نے کہا کہ اگر میئر کراچی نیو کراچی ٹاؤن پر خصوصی توجہ دیں اور متعلقہ اداروں کو فعال بنائیں تو یہاں کے بلدیاتی مسائل تیزی سے حل ہو سکتے ہیں اور نیو کراچی ٹاؤن حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ جاری کردہ :۔