عوام نے ہمیں خدمت اور مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف علاقوں کا دورہ، جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
عوامی مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین،وائس چیئرمین،کونسلرز اورمتعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی سیکٹر 11-ایف میں دو پارکوں میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ پارکوں کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار تفریحی ماحول میسر آسکے۔
انہوں نے سیکٹر 5-ایم نارتھ کراچی میں پیور بلاکس کے زریعے گلیوں کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بہتر سڑکیں اور گلیاں کسی بھی علاقے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سیکٹر 11-بی نارتھ کراچی میں سڑک کی تعمیر کے جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آسکے۔
دورے کے آخری مرحلے میں انہوں نے سیکٹر 8 نارتھ کراچی میں نئی سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا اور کہا کہ نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا حل مقامی آبادی کا بنیادی حق ہے، جس کے لیے ٹاؤن انتظامیہ عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت اور مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا ہے۔ ہماری سیاست کا محور صرف عوامی فلاح اور علاقے کی ترقی ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن کے ہر محلے اور ہر گلی تک ترقی کے ثمرات پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبے صرف اینٹ اور پتھر کا نام نہیں بلکہ یہ عوام کے بہتر مستقبل، بچوں کے محفوظ ماحول اور شہری زندگی کے معیار کو بلند کرنے کا ذریعہ ہیں۔ ہم وسائل کی منصفانہ تقسیم اور شفاف انداز میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ ہر شہری خود کو اس ترقی کا حصہ محسوس کرے۔
محمد یوسف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی سفر کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔