سڑکوں پر نکل آیا ہے جو یہ لشکر عوامی، حافظ نعیم الرحمن کی احتجاج کی کال
آج جماعت اسلامی کی جانب سے شہر کے 15مقامات پر احتجاج کیا گیا
سڑکوں پر نکل آیا ہے جو یہ لشکر عوامی، حافظ نعیم الرحمن کی احتجاج کی کال
کراچی : احتجاج کے 15مقامات میں اورنگی ٹاؤن پونے پانچ، شیرشاہ چوک،ملیر 15ہائی وے، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان،کورنگی نمبر5شاہراہ کورنگی، قائد آباد نیشنل ہائی وے،بندر روڈ ایم اے جناح روڈ، حیدری ڈالمن مال شیرشاہ سوری روڈ، یوپی موڑ شاہراہ عثمان، اسٹارگیٹ شاہراہ فیصل،لی مارکیٹ، ملینئم مال راشد منہاس،کالاپل کورنگی ٹاؤن روڈ، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے، نرسری شاہراہ فیصل شامل ہیں۔
جناح ٹاؤن کے چیئرمین چیئرمین رضوان عبد السمیع نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی جماعت اسلامی کے ساتھ احتجاج میں شریک ہے۔ ہم نے علامتی طور پر کراچی کی چند سڑکیں بند کی ہیں۔ اگر پیٹرول کی قیمت کم نہ کی تو پورا کراچی بند کردیں گے۔ آج کراچی کے شہریوں نے رضاکارانہ طور پر گاڑیاں کھڑی کر کے سڑکیں بند کی ہیں۔ کراچی کے شہری سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔ حکمران اربوں روپے کا پیڑول اور بجلی مفت استعمال کررہے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر پیٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں،اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کی مراعات اور مفت بجلی و پیٹرول ختم نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شہر بھر میں مختلف مقامات پر موٹر سائیکل اور گاڑیاں بند کر کے احتجاج کیا ہے۔ ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہم کسی ایمبولنیس کا راستہ نہیں روکیں گے۔ ہم اب حکمرانوں کا راستہ روکیں گے ۔ عوام اسٹریٹ کرمنلز کے نشانے پر ہے لیکن حکمرانوں کو پروف گاڑیاں چاہیئے۔ آج پشاور میں گورنر ہاؤس پر دھرنا جاری ہے اور کراچی میں 15 مقامات پر احتجاج کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ پر امن مزاحمت کریں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ ہم حکمرانوں کی ان سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ جدوجہد کو مزید تیز کریں گے ،تحریک کو آگے بڑھائیں گے ۔ 4 فیصد جاگیرداروں نے ملک میں 4 فیصد ٹیکس جمع کرائے جبکہ تنخوادار نے 2 فیصد ٹیکس لگائے۔ وڈیروں اور جاگیرداروں پر بھی ٹیکس لگائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقے کا پروٹوکول بند کیا جائے، مفت پیٹرول اور مفتی بجلی بند کی جائے۔ آج آرمی افسر نے کہاکہ اگر فیصلہ ہوگیا تو ہم اپنی گاڑیوں سے دستبردار ہوجائیں گے۔ حکمران سب مل کر اپنی مراعات ختم کریں گے پھر عوام ساتھ دیں گے۔ جدوجہد کے راستے کو مزید اختیار کریں گے اور اب گورنر ہاؤس پر دھرنادیں گے۔ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں، مہنگائی ختم کی جائے اور آٹا اور چینی مافیا کو بے نقاب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنڈی میں جس بلڈنگ سے پیسے برآمد ہوئے ہیں ، بتایا جائے اس بلڈنگ کے مالک کا نام سامنے کیوں نہیں آرہا۔ تنخواہ دار طبقہ ٹیکس ادا کریں اور جاگیردار ، وڈیرے اور بیوروکریٹس طبقہ ٹیکس نہ دے ایسا کسی صورت قبول نہیں۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ قوم کو بےوقوف نہ سمجھیں۔ اگر وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میرے پاس اختیار نہیں کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمت کم کرسکوں۔ وزیر اعظم بتائیں کہ اگر آپ کے پاس قیمتیں کم کرنے کا اختیار نہیں ہے تو پھر کس کے کہنے پرقیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو اب کسی صورت قوم اور زبان کی بنیاد پرتقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوم جماعت اسلامی کی بڑی جدوجہد کا حصہ بن جائیں۔ جماعت اسلامی کے تحت 6 اکتوبر کر گورنر ہاؤس پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ آج 15 مقامات پر سڑکیں بند کیں ،آئندہ روز کراچی کے عوام 100 مقاما ت پر گاڑیاں بند کرکے شہر کی سڑکیں بند کریں گے۔ کراچی کے عوام کو بجلی ،پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے جذبات سے نہ کھیلیں ، بپھرے ہوئے عوام کو اب روکا نہیں جاسکتا۔ آج ہم نے 15 مقامات پر احتجاج کیا ہے ،آئندہ روز ہم مارچ کا اعلان کریں گے اور حکمرانوں کے ایوانوں پر لرزہ طاری ہوجائے گا۔ آئندہ ہفتے کراچی 100 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا ، کراچی کے بچے ،بوڑھے ،جوان سب احتجاج کا حصہ بنیں گے۔ حکمران فوری طور پر قیمتیں کم کریں، انتخابات کروائیں اور گھر چلے جائیں۔