سید ذوالفقار علی شاہ نے سکھر میں منعقدہ دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل فل میراتھن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی
سکھر: وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے سکھر میں منعقدہ دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل فل میراتھن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب ایتھلیٹس میں انعامات تقسیم کیے۔
“امید کی دوڑ” کے عنوان سے منعقدہ اس عالمی معیار کی میراتھن میں مردوں کی فل میراتھن میں مراکش کے الیوسف عبدالماجد نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایتھوپیا کے میہرتو نیبر آئلیو دوسرے اور کینیا کے جیکسن مائینیا تیسرے نمبر پر رہے۔
خواتین کی 10 کلومیٹر میراتھن میں کینیا کی میونی متوکو نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جاپان کی یوکو لگوچی دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ پاکستان کی ماہ نور افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
میراتھن میں 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 سے زائد غیر ملکی ایتھلیٹس سمیت 3 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی۔ ریس کے دوران کھلاڑیوں اور شہریوں کا جوش و خروش دیدنی رہا۔
اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کامیاب ایتھلیٹس میں نقد انعامات تقسیم کیے۔
مردوں کی میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 5 لاکھ روپے جبکہ خواتین کی دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ایتھلیٹ کو 2 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ اس طرح کے بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹس سے سکھر، سندھ اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہو رہا ہے۔ انہوں نے لوک سہائتا آرگنائزیشن، چیئرمین لوک سہائتا و ڈی آئی جی پیر محمد شاہ، ضلعی انتظامیہ اور تمام تعاون کرنے والے اداروں کو کامیاب میراتھن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔